چترال کے 8 سکولوں میں 65 طلبا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا 

 چترال/پشاور:چترال کے تعلیمی اداروں میں طالب علموں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کورونا وائرس کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت محکمہ صحت نے متاثرہ سکولوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت لاگ ڈاؤن لگانے کی سفارش کر دی۔

ضلعی صحت افسر کے مطابق 8 سکولوں کے 65 بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 4 سرکاری جبکہ 4 نجی سکول شامل ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے نجی سکولوں میں ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ اور عملے کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں ڈیوٹی سے غیر حاضر مانا جائے گا۔

صوبائی ڈائریکٹوریٹ برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ احکامات محکمے کے دیگر ملازمین پر بھی لاگو ہوں گے۔

کہا گیا کہ احکامات پر تعمیل نہ کرنے کی صورت میں سٹاف کی تنخواہ نہیں کاٹی جائے گی تاہم ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 584 نئے کیسز اور 20 اموات سامنے آئیں۔

ملک کی سطح پر بات کی جائے تو ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 62 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 84افراد وبا سے انتقال کر گئے۔

صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 564 اور مجموعی اموات 5 ہزار 175 ہوچکی ہیں،اب تک ملک میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 94 ہزار 198 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 26 ہزار 497 افراد وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔