پاکستان رینجرز کی تاریخ کے سب سے طویل قامت اہلکار عبدالوحید توجہ کا مرکز بن گئے۔
24 سالہ عبدالوحید کا قد 7 فٹ 4 انچ اور سینہ 42 انچ چوڑا ہے،جبکہ ان کے پاؤں کا سائز 18 انچ ہے۔ عبدالوحید کو ان کے دراز قد کی وجہ سے خصوصی طور پر رینجرز میں بھرتی کیا گیا ہے۔
سات فٹ 4 انچ قد کے عبدالوحید اِن دنوں پنجاب رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل اطلاعات تھی کہ انھیں خصوصی طور پر واہگہ بارڈر پریڈ کا حصہ بنایا جائے گا تاہم اب خبریہ ہے کہ دراز قامت اور بڑے پاؤں کی وجہ سے عبدالوحید واہگہ بارڈر پریڈ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
عبدالوحید نے بتایا کہ وہ ناشتے میں 3 پراٹھے، 4 انڈے اور ایک کلو دودھ پیتے ہیں، اس کے علاوہ عبدالوحید کھانے میں سالن کی 4 پلیٹوں کے ساتھ 6 روٹیاں کھاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ وطن کے دفاع کو جان سے زیادہ عزیز سمجھتے ہیں، مادر وطن کے دفاع میں جان بھی چلی جائے تو انہیں فخر ہو گا۔