دبئی میں مقیم بیروزگار پاکستانی 4کروڑ کی لاٹری جیت گیا

دبئی: متحدہ عرب امارات میں خوش قسمت پاکستانی 4 کروڑ روپے کی انعامی لاٹری جیت گیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں راجہ وجاہت نامی پاکستانی کی چار کروڑ روپے کی لاٹری نکل آئی جس پر وہ خود بھی حیران ہے اور اسے یہ حقیقت تسلیم کرنا مشکل ہوگیاہے۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی میں اپنی سالگرہ کا کیک کاٹنے سے کچھ منٹ قبل راجہ وجاہت کے ایک رشتہ دار نے انہیں فون کرکے انعامی رقم کی خوش خبری سنائی جس نے اس کی زندگی بدل دی۔

پاکستانی نے 10لاکھ درہم (تقریباً ساڑھے 4کروڑ روپے پاکستانی) متحدہ عرب امارات کی ایک لاٹری میں جیتے۔

دبئی میں لاجسٹکس کی ایک کمپنی میں اکاؤنٹ منیجر رہنے والا راجہ وجاہت 2 ماہ پہلے اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا لیکن اب قسمت اس پر مہربان ہوچکی ہے۔

اتنی بڑی رقم لاٹری میں جیتنے پر پاکستانی سمیت اس کے اہل خانہ بھی بے حد خوش ہیں۔