عالمی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا میں شہد کی مکھیوں کے کاٹنے کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق شہد کی مکھیوں نے کیپ ٹاؤن کے ساحل پر 63 نایاب افریقی پینگوئینز کو ڈنک مار مار کر ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والے یہ پینگوئنز گزشتہ دنوں کیپ ٹاؤن کے جنوب میں واقع مشہور سیاحتی مقام بولڈر کے ساحل پر مردہ حالت میں پائے گئے۔
ساحلی پرندوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی جنوب افریقی فاؤنڈیشن کے ماہر حیوانیات ڈیوڈ رابرٹس کا اس بارے میں کہنا ہے کہ مرنے والے پینگوئنز کے پوسٹ مارٹم سے ان کے جسم اور آنکھوں میں شہد کی مکھیوں کے متعدد بار کاٹںے کے نشانات پائے گئے۔ جب کہ کچھ پینگوئنزکو 20 سے زائد بار بھی ڈنک مارے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ عموما شاد و نادر ہی ہوتا ہے،اور ہمیں اس کی توقع نہیں تھی۔ جب کہ جائے وقوعی سے مردہ شہد کی مکھیاں بھی ملی ہیں۔
ساؤتھ افریقا کنزرویشن اتھارٹی کی ترجمان لارین کلیٹن کا اس بارے میں کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم سے حاصل ہونے والے نمونوں کو مزید جانچ کے لیے لیابریٹری بھیج دیا گیا ہے۔ حکام اب اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آخر وہ کیا وجوہات تھیں جنہوں نے شہد کی مکھیوں کوپینگوئنز پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا۔
انٹر نیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر( آئی یو سی این) کی ریڈ لسٹ کے مطابق یہ افریقی پینگوئینز قدرتی مسکن میں رہنے والی کالونی کا حصہ تھے۔ یہ علاقہ قدرتی پارک پر مشتمل ہے اور پینگوئن کو مارنے والی شہد کی مکھیاں بھی اسی ایکو سسٹم ( ماحولیاتی نظام) کا حصہ ہیں۔
جنوبی افریقا اور نیمبیا میں پائے جانے والے ان پینگوئنز کو Cape کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور گزشتہ 3 دہائیوں میں جنوبی افریقا میں رہنے والے ان پینگوئنز کی تعداد 73 فیصد کم ہو کر 10 ہزار400 جوڑوں تک پہنچ گئی ہے جب کہ نمیبیا میں ان کے جوڑوں کی تعداد 4 ہزار 300 رہ گئی ہے۔