ریاض:سعودی عرب نے 600 پاکستانی طلبا کے لیے اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے، تعلیم حاصل کرنے کے دوران انہیں مراعات بھی دی جائیں گی۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مملکت پاکستانی طلبا کو 25 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا، یہ اسکالرشپس ڈپلومہ، ڈگری، ماسٹرز اور اپی ایچ ڈی کے طلبا و طالبات کو دیے جائیں گے، اس سنہری اقدام سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبا بھی مستفید ہوسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 75 فیصد اسکالر شپس پاکستان سے طالب علموں جبکہ 25 فیصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبا کو دیے جائیں گے۔
سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے کے خواش مند طلبا کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا آن لائن پورٹل پر براہ راست اپلائی کرنا ہوگا، ہر یونیورسٹی کا داخلے کا اپنا معیار و ٹائم فریم ہے، اس لیے طلبا کو اپنے متعلق مضمون اور کلاس میں داخلے کے حوالے سے یونیورسٹی سے مدد لینا ہوگی۔
طلبا جب آن لائن اپلائی کر لیں گے تو یونیورسٹیاں طلبا کی جانب سے موصول ہونے والی سکالرشپ درخواستوں کو سعودی وزارت تعلیم کو بھیجیں گی جو سکالرشپ دینے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
درخواست گزار اپنی درخواست کی کاپی پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل ای میل پر بھی بھیجیں گے تاکہ سعودی وزارت تعلیم کے ساتھ ان درخواستوں کا فالو اپ کیا جا سکے۔
سعودی عرب کی اسکالر شپ کے لیے مرد وخواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں، ڈگری پروگرام کے لیے درخواست دینے والوں کی عمریں 17 سے 25 سال کے دوران، ماسٹرز کے لیے 30 سال جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال سے کم ہونی چاہئیں۔ عمر کا حساب داخلہ کی حتمی تاریخ سے لگایا جائے گا اس اسکالرشپ کے لیے لازمی ہے کہ امیدوار کے پاس کوئی دوسری اسکالر شپ نہ ہو، طالب علم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ناقابل قبول ہوگا، بصورت دیگر درخواست مسترد کی جاسکتی ہے۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا کو دوران تعلیم سعودی عرب میں مفت رہائش کی سہولت اور شادی شدہ طلبا کو ابتدائی تین ماہ فرنشنگ الاونس بھی فراہم کیا جائے گا، سعودی عرب آمد اور واپسی کے لیے مفت ایئر ٹکٹ اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اہل خانہ کے لیے مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یونیورسٹی میں کھانے پینے سمیت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے رعایتی نرخ ہوں گے، سائنس کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو ماہانہ 900 سعودی ریال جبکہ آرٹس والوں کو 850 سعودی ریال ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا۔
جدہ یونیورسٹی،بیشہ یونیورسٹی، ام القری یونیورسٹی، اسلامک یونیورسٹی، امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی، کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی، حفر الباطن یونیورسٹی، کنگ فیصل یونیورسٹی، کنگ خالد یونیورسٹی، قصیم یونیورسٹی، طیبہ یونیورسٹی، طائف یونیورسٹی،حائل یونیورسٹی، جازان یونیورسٹی، الجوف یونیورسٹی، باحہ یونیورسٹی، تبوک یونیورسٹی، نجران یونیورسٹی، الحدود شمالیہ یونیورسٹی، امیرہ نورہ یونیورسٹی، امام عبدالرحمن یونیورسٹی، پرنس سطام بن عبدالرحمن یونیورسٹی، شقرا یونیورسٹی اور المجمعہ یونیورسٹی شامل ہے۔