گلوکار عاصم اظہرنے بھی ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھ دیا

معروف گلوکار عاصم اظہر نے فوج کی خواتین افسران و اہلکاروں کی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل ’صنف آہن‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ماڈل میرب علی کے اس ڈرامے کا حصہ بننے کے بعد سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عاصم اظہر بھی اس ڈرامے میں اداکاری کریں گے۔

کچھ سوشل میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ عاصم اظہر شاید میرب علی کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

اب گلوکار عاصم اظہر نے تصدیق کردی ہے کہ وہ اس ڈرامے سے اداکاری میں اپنا ڈیبیو کررہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ سم تھنگ ہاٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے کہا کہ میں ڈراما ’صنفِ آہن ’ کا حصہ ہوں۔

عاصم اظہر نے کہا کہ اداکاری ایک بہت محنتی کام ہے، ایک عظیم شخص نے کہا تھا کہ کیمرا کے سامنے پرفارم کرنا اداکاری کے بارے میں سب سے کم چیز ہے بات باقی چیزوں کی ہے جیسا کہ صبر، ریہرسلز اور لڑائیاں وغیرہ۔

انہوں نے کہا کہ میں خود کو کبھی بھی اداکار نہیں مان سکتا کیونکہ یہ ایک بہت مختلف چیز ہے۔

عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں ان کی اداکاری سے متعلق سوشل میڈیا پر سنسنی پھیل چکی ہے اور کچھ تصاویر وائرل ہونے کے بعد سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ میں کس کے ساتھ نظر آؤں گا۔

ڈرامے میں اپنے کردار سے متعلق سوال پر عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ میں نہیں بتاسکتا، پروڈیوسر خفا ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں میرے رول سے متعلق اہم بات ہی یہ ہے کہ میں کس کے ساتھ نظر آؤں گا؟

عاصم اظہر نے کہا کہ میرا کردار میرب علی کے ساتھ نہیں ہے وہ الگ ٹریک پر ہیں اور میں الگ۔