رومانیہ کے میوزک بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے معروف گلوکار ایڈرین سینا نے اپنی چھٹیاں پاکستان کی خوبصورت وادی ’ہنزہ‘ میں گزارنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایکسنٹ کے نام سے مشہور گلوکار ایڈرین سینا پاکستان کے مختلف شہروں میں متعدد کنسرٹ کر چکے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اکثر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایڈرین سینا نے لکھا ہے کہ میں نے اپنی چھٹیاں پاکستان کی وادی ہنزہ میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میں دنیا کو بتا سکوں کہ پاکستان کس قدر محفوظ اور خوبصورت ملک ہے۔
ایڈرین سینا نے ویڈیو میں کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستان کے لوگوں سے مل کر خوشی محسوس کروں گا۔ گلو
کار کی ٹوئٹ پر پاکستانی مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے انداز میں خوش آمدید کہا ہے۔
ایڈرین سینا نے نیوزی لینڈ اور انگلیڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ میں کئی بار پاکستان آچکا ہوں اور مجھے یہاں ہمیشہ اپنے گھر جیسا محسوس ہوتا ہے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھتا ہوں اور یہاں کے لوگوں کا میرے لیے پیار لاجواب ہے، میں مستقبل میں بھی پاکستان آیا کروں گا، میں اپنے پاکستانی مداحوں سے محبت کرتا ہوں۔
اس سے قبل ایڈرین سینا نے یورپ میں ایک فیسٹیول کے دوران پاکستانی کرتا پہن کر کے پاکستانیوں کے دل جیت لیے تھے۔