ماہرہ خان کی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر ہمراہ تصویر کے چرچے

حال ہی میں معروف اداکارہ ماہرہ خان کی پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی ہے،جسے ان کے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا جارہا ہے۔

نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ کا آفیشل ٹریلر کچھ روز قبل جاری کیا گیا ہے جس میں ماہرہ خان نگار جوہر کے کردار میں دکھائی دیں گی۔

فلم کا ٹریلر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے یوٹیوب چینل پر 16 اکتوبر کو شیئر کیا جس میں ماہرہ سمیت اداکار بلال اشرف و دیگر دکھائی دیے۔

ٹیلی فلم میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے کیرئیر میں پیش آنے والے مسائل اور کامیابیوں کو دکھاتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

’ایک ہے نگار‘ کی رائٹر عمیرہ احمد ہیں جب کہ اس کے ہدایتکار عدنان سرور ہیں۔

ٹیلی فلم کو نینا کاشف اور ماہرہ خان کی پروڈکشن کمپنی سلفری فلمز کے بینر تلے 23 اکتوبر کو نجی ٹی وی پر ریلیز کیا جائے گا۔