امریکا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار سے حقیقت میں چلنے والی گولی سے خاتون ڈائریکٹر کی ہلاکت کےکیس میں فلم انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرایا گیا بیان سامنے آگیا۔
خیال رہےکہ امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک روز قبل فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ایلیک بالڈوِن سے حقیقت میں گولی چل گئی تھی۔
حادثاتی طور پر چلنے والی گولی کی زد میں آکر موقع پر موجود 42 سالہ ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس ہلاک ہوگئیں جب کہ ڈائریکٹر زخمی ہوگئے۔
فلم انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائےگئے بیان کے مطابق اداکار ایلیک بالڈوِن کو گن ایک ڈائریکٹر نے دی تھی اور انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ گن محفوظ ہے جب کہ فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیو ہالز کو بھی نہیں معلوم تھا نقلی گن میں بارود موجود ہے ۔
بیان کے مطابق جب ایلیک بالڈوِن نے فائرکیا توگولی ہیلینا ہچنس کے سینے پر لگی جب کہ فلم ڈائریکٹر کے کندھے پر گولی لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعے سے قبل ہی فلم میں کام کرنے والے عملے کے بعض افراد کورونا پروٹوکول اور حفاظتی اقدامات کی عدم پابندی کے باعث کام چھوڑ گئے تھے۔
ایسے ہی افراد میں سے 3 نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس واقعے سے قبل ہی گن فائر کے ایسے 2 واقعات پیش آچکے تھے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں استمعال ہونے والے اسلحے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، اس حوالے سے اداکار ایلیک بالڈوِن سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے تاہم اب تک کسی پر اس کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔