سابق شوہر بلیک میلر ہے ، وینا ملک

راولپنڈی: اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ ان کا سابق شوہر اسد خٹک پیسوں کے لیے انہیں بلیک میلنگ کررہا ہے۔ 

 راولپنڈی کے سول جج فیصل رشید نے اداکارہ وینا ملک کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر وینا ملک نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور دبئی کی عدالت نے بچوں کی تحویل مجھے دی ہے، اسد خٹک نے جب بھی بچوں سے ملنے کی خواہش طاہر کی انہوں نے انہیں ملنے دیا لیکن وہ بچوں کو اغوا کرکے دبئی لے گیا اور الزام لگایا کہ میں نے بچے اغوا کئے ہیں۔ اس حوالے سے ہر قسم کے دستاویزات عدالت کے پاس ہیں، وہ ہر دفعہ بچوں کے ملنے کا بہانہ بنا کر انہیں لے جاتا ہے اور پھر اپنی شرطیں رکھتے ہیں، بنیادی طور پر اسد خٹک بلیک میلر ہے، پیسوں کی خاطر ایک ماں کو تنگ کررہا ہے، اسد خٹک کو جب بھی پیسوں کی ضرورت پڑتی ہے وہ عدالت میں درخواست دیتا ہے، شوہر نے بچوں کو 40 ہزار روپے خرچہ دیا اتنے پیسوں کی تو یہ چاکلیٹ اور کینڈی کھا لیتے ہیں یہ واپس کر دیا ہے۔

وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال بعد بچوں سے ملاقات ہوئی بچوں کی برین واشنگ کی گئی ہے، مجھے بچوں سے جدا کیا گیا عدالت سے انصاف کی توقع ہے، وینا ملک کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اسد خٹک نے 4 سالہ بیٹی ارحم اور 8 سالہ بیٹے ابراہم  کی حوالگی کا کیس دائر کر رکھا ہے۔