ایمیزون کے مالک جیف بیزوز کی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ نے 2030 تک ایک بڑا اور تجارتی نوعیت کا خلائی اسٹیشن بنانے کا اعلان کیا ہے جہاں مختلف تجارتی اور کاروباری ادارے اپنے دفاتر قائم کرسکیں گے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز بلیو اوریجن کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں اینی میشن کے ذریعے دنیا کے پہلے ’’کمرشل خلائی پلازہ‘‘ کے اندرونی مناظر دکھائے گئے ہیں۔
اس منصوبے کو ’’آربٹل رِیف‘‘ کا نام دیا ہے جو بلیو اوریجن اور سئیرا اسپیس نامی امریکی ادارہ مشترکہ طور پر تعمیر کریں گے۔
واضح رہے کہ سئیرا اسپیس، امریکی فوج اور ایئرو اسپیس سیکٹر کو وسیع پیمانے پر خدمات فراہم کرنے والی سئیرا نیواڈا کارپوریشن کا ذیلی ادارہ ہے۔
دوسری جانب خلائی ماہرین کو اس منصوبے کے درست ہونے پر شبہ ہے کیونکہ بلیو اوریجن اب تک کامیابی سے ایک راکٹ بھی نہیں اُڑا سکا ہے، ’’تو ایسے میں خلائی کمرشل پلازہ کا منصوبہ کس طرح بروقت مکمل ہوسکتا ہے؟‘‘