آریان گرفتاری، سلمان خان نے ٹائیگر3کی شوٹنگ منسوخ کردی

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنے دوست اور ساتھی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے لیے بے حد فکر مند ہیں یہاں تک کہ انہوں نے یہ معاملہ حل ہونے تک اپنی فلم کی شوٹنگ کا شیڈول بھی منسوخ کردیا ہے۔

بالی ووڈ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کی دوستی کی مثالیں دی جاتی ہیں۔

کنگ خان کا بیٹا آریان خان جب  منشیات کیس میں گرفتار ہوا تو اس وقت سلو میاں شاہ رخ خان کے گھر پہنچنے والے پہلے شخص تھے۔

رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ  سلمان خان اب اپنے دوست شاہ رخ خان کے گھر جا تونہیں رہے لیکن ان کے ساتھ فون پر مسلسل رابطے میں ہیں اور منشیات کیس کی ہر تازہ ترین اپ ڈیٹ کی خبر لے رہے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی کہاجارہا ہے کہ سلمان خان اور ان کی پوری فیملی آریان خان کے لیے پریشان ہے اور مسلسل شاہ رخ ، آریان اور ان کی پوری فیملی کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔

سلمان خان کے والدین، سلیم، سلمیٰ خان اور ان کی دوسری بیوی ہیلن آریان خان کی گھر واپسی کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سلمان خان اپنی فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کے ایک اہم سین کی شوٹنگ کرنے والے تھے جس میں شاہ رخ خان کی فلم ’’پٹھان‘‘ کا کردار بھی شامل تھا۔

سلمان خان کے پاس آپشن تھا کہ وہ اپنے حصے کی شوٹنگ کرلیں اور شاہ رخ خان والا سین بعد میں عکس بند کرلیا جاتا۔

لیکن سلمان خان نے سچی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے فلمساز سے کہا کہ فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی جائے اور اسی وقت شوٹنگ کی جائے جب شاہ رخ خان سیٹ پر واپس آجائیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت سلمان خان کے لیے آریان خان کا کیس سب سے زیادہ اہم ہے اور وہ صرف ان پراجیکٹس پر ہی کام کررہے ہیں جنہیں آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان بھی آریان خان منشیات کیس کی وجہ سے اپنی شوٹنگ منسوخ کرچکے ہیں اور اس وقت صرف اور صرف آریان خان منشیات کیس میں ہی مصروف ہیں۔