بیٹے نے شاہ رخ کو کافی تک محدود کردیا

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی گزشتہ روز ممبئی ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی جس کے بعد ان کی جلد جیل سے رہائی کا امکان ہے۔

آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے 25 روز بعد ضمانت کی خبر جہاں شاہ رخ سمیت ان کے مداحوں کے لیے اطمینان بخش تھی وہیں اس موقع پر اداکار کے وکیل نے بیٹے کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ کی صحت اور ان کے کھانے پینے کے شیڈول کی تفصیلات بھی بتائیں۔

آریان کی ضمانت کے لیے ممبئی ہائیکورٹ میں جرح کرنے والے وکیل اور سابق بھارتی اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ آریان کی ضمانت تک شاہ رخ ہر لمحہ انتہائی  پریشان  دکھائی دیے، انہوں نے اس دوران اپنی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کو ایک طرف کردیا اور قانونی ماہرین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارا۔

بوکیل کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا تھا کہ شاہ رخ باقاعدگی سے کچھ کھا پی بھی نہیں رہے کیوں کہ وہ کافی کے بعد کافی پیتے رہتے تھے، ہم تصور بھی نہیں کرسکتے ، بطور والد شاہ رخ نے آریان کی ضمانت تک  کیسے وقت کاٹا تاہم امید ہے کہ گزشتہ رات گوری اور شاہ رخ سکون کی نیند سوئیں ہوں گے۔ 

خیال رہے کہ ضمانت منظوری کے بعد آج یا کل میں آریان کی ممبئی کی سینٹرل جیل سے رہائی کا امکان ہے، اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ رہائی کے وقت شاہ رخ اور گوری آریان کو لینے جیل جائیں گے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا، آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں۔