آریان خان جیل سے رہا ہوگئے

ممبئی: منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جیل سے رہا ہوگئے۔

منشیات کیس میں گرفتار آریان خان تقریباً 3 ہفتے تک آرتھر روڈ جیل میں قید رہنے کے بعد بالآخر ضمانت پررہا ہوگئے۔ شاہ رخ خان بیٹے کو لینے جیل پہنچے۔ آریان تقریباً 26 دن بعد والد سے ملے۔

شاہ رخ خان کے گھر ’’منت‘‘ کے باہر مداحوں کی بڑی تعدادآریان کے انتظار میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ ’’منت‘‘ کو آریان خان کی واپسی کی خوشی میں سجایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آریان خان گزشتہ روز اس لیے جیل سے باہر نہیں آسکے تھے کیونکہ ان کے ضمانت کے کاغذات کو جیل حکام تک پہنچنے میں تاخیر ہوگئی تھی۔ جیل کے سپریٹنڈنٹ نتن ویچال نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہم کسی کے ساتھ خصوصی سلوک نہیں کریں گے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ضمانت کے کاغذات وصول کرنے کا وقت ساڑھے پانچ بجے تھا جو گزر چکا ہے۔ لہذا آریان کو آج رہا نہیں کیا جائے گا۔ آج صبح ساڑھے 5 بچے جیل حکام نے آریان کے ضمانتی کاغذات وصول کیے جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا۔

یہ آریان خان کی جیل سے باہر آنے کی ویڈیو ہے جو بھارتی میڈیا میں شیئر کرائی گئی ہے۔

شاہ رخ خان کی دوست اور بزنس پارٹنر جوہی چاولہ نے آریان خان کی جیل سے رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی شرائط کی وضاحت کے بعد اداکارہ جوہی چاؤلہ جمعہ کو این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت پہنچیں اور ایک لاکھ کے بونڈ (ضمانتی مچلکوں) پر دستخط کیے۔

جوہی چاؤلہ آریان خان کی ضامن ہیں جس کا مطلب ہے کہ اگر آریان رقم ادا کرنے میں ناکام رہے تو اداکارہ جوہی چاؤلہ اس کی قانونی طور پر ذمہ دار ہوں گی۔ ممبئی سیشن کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جوہی چاولہ نے کہا تھا میں خوش ہوں کہ یہ سب ختم ہوا اور آریان بہت جلد گھر واپس آجائیں گے۔ میرے خیال میں یہ سب کے لیے انتہائی پرسکون بات ہے۔ ’’اب بچہ گھر آجائے گا‘‘۔

کیس کا پس منظر

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 26 روز تک قید رہے۔ بعد ازاں بومبے ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو آریان کو ضمانت پر رہا کردیا۔