آریان خان کی جیل سے رہائی کے بعد اداکار شاہ رخ خان کے مداح ان کے بیٹے کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے آرتھر روڈ جیل اور اداکار کے گھر ’منت‘ کے باہر جمع ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 اکتوبر کو جب آریان کو ممبئی کی سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہائی ملی تو سیکڑوں مداح جیل کے باہر اور شاہ رخ کے گھر کے باہر ہجوم کی شکل میں دکھائی دیے۔
رپورٹس کے مطابق جیل اور شاہ رخ خان کے گھر کے باہر سےتقریباً 10 افراد کے موبائل فون چوری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں تھے اور 28 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔