پنیت راج کمار کی موت کا صدمہ 10مداحوں کی بھی جان لے گیا

بھارت کی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پنیت راج کمار کی اچانک موت کے بعد ان کے دس مداح بھی جان سے چلے گئے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے نامور اداکار پنیت راج کمار کی اچانک موت کے بعد ان کے مداحوں نے خودکشی کرلی جن کی تعداد سات بتائی جارہی ہے جبکہ 3 مداح ان کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے چل بسے۔

بھارت کی مقامی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پنیت راج کمار کی گزشتہ ہفتے اچانک حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث موت واقع ہوگئی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 3 مداحوں نے خودکشی صرف اپنے آنجہانی اداکار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آنکھیں عطیہ کرنے کے لئے کی۔

آنجہانی اداکار کی بعد از مرگ آنکھیں بھی عطیہ کی گئی تھیں جس کے بعد ریاست کرناٹک میں آنکھوں کا عطیہ کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق اداکار کے مداحوں کی خودکشی اور انتقال کے 10 واقعات ریاست کرناٹک میں پیش آئے ہیں۔

واضح رہے کہ پنیت راج کمار کی موت کے بعد ان کی آنکھیں عطیہ کی گئی تھیں۔ پنیت کے والد ڈاکٹر راج کمار نے ریاست کرناٹک میں آنکھوں کا ایک بینک شروع کیا تھا اور اپنی موت کے بعد اپنی آنکھیں عطیہ کی تھیں۔ ان کے بیٹے کا انتقال ہوا تو ان کی آنکھیں بھی عطیہ کی گئیں۔