کراچی: اداکارہ عائشہ عمر نے قومی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
عائشہ عمر نے گزشتہ روز اپنے اور شعیب ملک کے کچھ عرصہ قبل ایک میگزین کے لیے کرائے گئے بولڈ فوٹوشوٹ کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔
چند روز قبل جب اسی فوٹوشوٹ کی تصاویر منظر عام پر آئی تھیں اس وقت بھی سوشل میڈیا پر بہت ہنگامہ مچا تھا اور جب کل عائشہ عمر نے دوبارہ فوٹوشوٹ کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرائی تو سوشل میڈیا صارفین میں ایک بار پھر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ عائشہ اور شعیب ملک کے درمیان کیا چل رہا ہے۔
اسی تجسس کے تحت ایک صارف نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے عائشہ عمر سے سوال پوچھ لیا ’’کیا آپ دونوں کا شادی کا پروگرام ہے؟‘‘
عائشہ عمر نے اس صارف کو جواب دیتے ہوئے اپنی اور شعیب ملک کی شادی کی خبروں کی تردید کی اور کہا ’’جی نہیں، بالکل نہیں، ان کی شادی ہوچکی ہے اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ بہت خوش ہیں۔
میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا دونوں کی بہت عزت کرتی ہوں۔ شعیب اور میں اچھے دوست اور ایک دوسرے کے خیرخواہ ہیں۔ ایسے رشتے بھی ہوتے ہیں دنیا میں لوگوں کے۔‘‘