ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جیل سے رہائی کے باوجود ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور ابھی تک ان کی ذہنی کیفیت سنبھل نہیں سکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کے اوپر جیل میں گزارے گئے دنوں کے بہت ہی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ابھی تک ان کی ذہنی کیفیت سنبھل نہیں سکی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق آریان خان کو جیل سے رہا ہوئے کئی روز گزر چکے ہیں لیکن وہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔
آریان جو جیل جانے سے قبل کافی ہلہ گلہ کرنے والے شخص تھے اور جنہیں دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنا پسند تھا اب بالکل چپ چاپ اور خاموش سے ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے خان فیملی کے قریبی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آریان خان جب سے جیل سے باہر آئے ہیں وہ زیادہ تر وقت اپنے کمرے میں ہی گزارتے ہیں۔ آریان خان 30 اکتوبر کو ضمانت پر رہا ہوئے تھے اور انہیں جیل کی قید سے رہا ہوئے 12 دن ہوچکے ہیں اور ان 12 دنوں میں انہوں نے اپنے دوستوں سمیت کسی سے بھی ملاقات کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری آریان کو سنبھلنے اور اس کیفیت سے نکلنے کے لیے وقت دے رہے ہیں۔ وہ دونوں بھی اس وقت پریشان ہیں اور آریان کو یہ یقین دلانے کی پوری کوشش کررہے ہیں کہ وہ ہمیشہ اس کے ساتھ ہیں۔
آریان کو وقت دینے اور اسے بہتر محسوس کروانے کے لیے ہی شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی سالگرہ بھی نہیں منائی اور وہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گھر کے بجائے علی باغ میں گزارا تاکہ آریان اور ان کے گھر والے اچھا وقت گزار سکیں۔