عامر خان تیسری بار کس کے دولہا بنیں گے؟

بالی وڈ اداکار عامر خان سے متعلق خبریں زیرِ گردش ہیں کہ وہ جلد ہی تیسری بار اپنے سر پر سہرا سجانے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ اپنی دو بیویوں سے علیحدگی کے بعد اب تیسری بار شادی کرنے والے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ عامر خان تیسری شادی کا اعلان اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کے بعد کریں گے جو کہ اپریل 2022 میں ریلیز کی جائے گی۔ 

اس کے علاوہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ عامر خان اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں جو ان کے ساتھ ماضی میں کام کرچکی ہیں۔

عامر خان کی رواں برس اپنی دوسری اہلیہ کرن راؤ سے علیحدگی ہوئی تھی جن سے ان کا بیٹا آزاد راؤ بھی ہے۔ 

عامر خان کی طلاق کے بعد ان کا نام اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کے ساتھ منسلک کیا جارہا تھا اور یہ بھی کہا جارہا تھا کہ عامر خان نے ان ہی کی وجہ سے اپنی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کی۔

عامر خان نے فاطمہ ثنا شیخ کے ہمراہ فلم 'دنگل' میں کام کیا تھا، جس میں فاطمہ نے عامر کی بیٹی کا کردار نبھایا تھا۔

واضح رہے کہ عامر خان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے 2002 میں علیحدگی ہوگئی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔