بھارتی ڈرامہ 'کامنا' پاکستانی ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی کاپی قرار

بھارتی ٹی وی چینل ’سونی‘ پر حال ہی نشر کیے جانے والے ڈرامے ’کامنا‘ کی چند قسطیں نشر ہونے کے بعد ہی شائقین نے ڈرامے کو پاکستانی سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کاپی قرار دے دیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’آج کل‘ ہندی کے مطابق جیسے ہی سونی ٹی وی پر ’کامنا‘ کی کچھ قسطیں نشر ہوئیں تو لوگوں نے اسے 2019 اور 2020 کے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کاپی قرار دیا۔

متعدد افراد نے ’کامنا‘ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ 25 قسطوں پر مبنی پاکستانی ڈرامے کو بھارتی اب 250 قسطوں میں دکھائی دیں گے۔

کچھ لوگوں نے ’کامنا‘ کے ڈراما سازوں پر تنقید کی اور کہا کہ جب پاکستانی ڈرامے کا بھارتی ورژن بنتا ہے تو وہ بڑھ کر 250 قسطوں تک ہو جاتا ہے۔

کئی لوگوں نے ’کامنا‘ کو ’میرے پاس تم ہو‘ کی سستی کاپی بھی قرار دیا۔

اسی ڈرامے کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ نے اپنے تجزیے میں اسے انیل کپور اور سری دیوی کی مقبول فلم ’جدائی‘ کی کاپی بھی قرار دیا۔

شائقین نے ڈرامے کو پاکستانی سیریل کی کاپی قرار دیا—اسکرین شاٹ

ڈرامے کی کہانی ’کامنا‘ یعنی چاندنی شرما اور ان کے شوہر مناو یعنی ابھیشک راوت کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے میں ’کامنا‘ کو اپنے شوہر کے ہمراہ اندور میں بڑی کمپنی میں ملازمت ملنے کے بعد وہاں منتقل ہوتے اور پھر شوہر کے دولت مند باس سے محبت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ’کامنا‘ کو دولت کی خواہش ہوتی ہے اور لالچ کی وجہ سے وفادار شوہر اور بیٹے کو بھی بھلا دیتی ہیں۔

کئی لوگوں نے ڈرامے کو سستی کاپی کہا—اسکرین شاٹ

بھارتی ڈرامے کی طرح پاکستانی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی بھی مہوش یعنی عائزہ خان اور دانش یعنی ہمایوں سعید کے گرد گھومتی ہے۔

پاکستانی ڈرامے میں بھی عائزہ خان کو دولت کا لالچی دکھایا گیا تھا جو پیسوں کی خاطر وفادار شوہر دانش کو چھوڑ دیتی ہیں۔

’میرے پاس تم ہو‘ کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا گیا تھا۔