کترینہ کی شادی میں شرکت کرنے والوں کیلئے سخت شرائط جاری

بھارتی میڈیا پر کترینہ کی شادی میں شرکت کرنے والوں کےلیے کچھ شرائط کا دعویٰ کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ شادی میں شریک مہمانوں کو اپنے ساتھ موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، شادی کی تقریب دونوں اداکاروں کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے لہٰذا دونوں شخصیات کی کوشش ہوگی کہ اس موقع پر کوئی ایسی صورت حال پیدا نہ ہو جس کے پیش نظر کترینہ اور وکی کی شادی کی تصاویر یا ویڈیوز لیک ہوجائیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ کترینہ اور وکی شادی کے حوالے سے تمام کاموں کو بڑی رازداری سے سرانجام دے رہے ہیں جس کے لیے دونوں کی جانب سے ایک بڑی ٹیم رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کو ان کی شادی میں راجستھان کی مشہور سوجت مہندی لگائی جائے گی، سوجت مہندی پوری دنیا میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور یہ مہندی کترینہ کو تحفے کے طور پر بھیجی جائے گی جب کہ اس مہندی کی قیمت 50 ہزار سے ایک لاکھ بھارتی روپے ہے۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کترینہ وکی کوشل کے ساتھ اگلے ہفتے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریبا ت کے لیے راجستھان جانے سے قبل کترینہ اور وکی ممبئی میں کورٹ میرج کریں گے اور بعد ازاں جوڑا شادی کی تقریبات کے لیے راجستھان جائے گا۔