ریاض: سعودی عرب نے معتمرین کے ساتھ ساتھ عام نمازیوں کو بھی خانہ کعبہ کا طواف کرنے کی اجازت دیدی۔
سعودی عرب میڈیا کے مطابق دو مقدس مساجد کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی حیدر نے بتایا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیر عمرہ نمازیوں کو مسجد حرام کی پہلی منزل پر خانہ کعبہ کا طواف کرنے کی اجازت دیینے کا حکم دیا ہے۔
خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ عمرہ نہ کرنے والے بھی روزانہ تین مقررہ اوقات میں طواف کرسکتے ہیں تاہم عام نمازیوں کو بھی معتمرین کی طرح طواف کے لیے خصوصی پرمٹ لینا لازمی ہوگا۔
قبل ازیں صرف معتمرین کو ہی طواف کی اجازت دی گئی تھی۔ وبا میں بتدریج کمی کے باعث خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں کورونا پابندیاں نرم کی جا رہی ہیں۔سماجی فاصلے کی شرط ختم اور نمازیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں کورونا پابندیوں کی نرمی کا فائدہ صرف وہی لوگ لگا سکتے ہیں جنھوں نے کورونا کے ٹیکوں کو کورس مکمل کرلیا ہو۔