رنویر سنگھ نے 20کروڑ روپے دیکر بالی ووڈ میں انٹری دی، اہم انکشاف

ممبئی: بھارتی فلموں کے خودساختہ ناقد کمال راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ رنویر سنگھ نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیلیے 20 کروڑ روپے دیے۔

بھارت کے فلمی ناقد کمال راشد خان (کے آر کے) اپنے یوٹیوب چینل پر بیانات اور دیگر اداکاروں سے متعلق متنازعہ ٹوئٹس کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، حالانکہ اپنے بیانات کی وجہ سے انہیں متعدد بار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود وہ باز نہیں آتے اور اس بار انہوں نے یش راج فلمز سے پنگا لے لیا۔

خود ساختہ ناقد نے اپنے یوٹیوب چینل پر یش راج بینرز کی فلم ’بنٹی اور ببلی ٹو‘ کے اسکرپٹ پر تنقید کی جس میں ہدایت کار ادتیہ چوپڑا کی اہلیہ رانی مکھرجی اور چھوٹے نواب سیف علی خان نے اداکاری کے جوہر دکھائیں جب کہ فلم کے ذریعے اداکارہ شروری کو لانچ کیا گیا اور سدھانت چترویدی کو بھی لیڈ رول میں لیا گیا۔

کے آر کے نے اپنے بیان میں کہا کہ ادتیہ چوپڑا نے جب جب کسی کو لانچ کیا، اس کا آغاز ایسے ہی بدترین ہوا ہے لیکن اکثر لوگ کہتے ہیں کہ انہوں نے تو رنویر سنگھ کو بھی لانچ کیا جو ایک کامیاب اداکار ہیں، تو اس پر میں رنویر کے چاہنے والوں کو بتانا چاہوں گا کہ رنویر سنگھ کو ادتیا نے نہیں تلاش کیا بلکہ خود رنویر کے والد نے ادتیہ کو 20 کروڑ روپے دیے تاکہ وہ ان کو بالی ووڈ میں موقع دیں۔

واضح رہے رنویر سنگھ نے بالی ووڈ میں اپنا آغاز یش راج فلمز ’’بینڈ باجا بارات‘‘ سے کیا جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جس پر رنویر سنگھ کو فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔