پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے زیر صدارت پیر کے روز امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ضلع چارسدہ کے علاقہ مندنی میں پیش آنے والے نا خوشگوار واقعے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعہ سے پیدا شدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری شہزاد خان بنگش، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو چارسدہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ علاقے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ واقعہ کے بعد مشتعل ہجوم کی طرف سے ایک پولیس سٹیشن اور مختلف چوکیوں کو ریکارڈ سمیت نذر آتش کیا گیا۔بعض عناصر اور جرائم پیشہ افراد نے لوگوں کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر اُکسایا ہے جن کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں مشتعل ہجوم کی طرف سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔
اُنہوں نے مزید کہاکہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گااور ان سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیس فورس حکومتی عمل داری اور قانون کی بالا دستی کو ہرصورت یقینی بنائے، امن و امان کو برقرار رکھنا اور سرکاری املاک کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہیں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شہریوں کے جذبات کا احساس ہے۔
اُنہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کو اپنا راستہ اپنانے دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہری اطمینان رکھیں، قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔