پاکستان سے سعودیہ براہ راست پروازیں بحال

پاکستان اورسعودی عرب مابین معطل فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی براہ راست پرواز 231 مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہو گئی ہے۔ 

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ورکرز جلد اپنے دوسرے گھر سعودی عرب واپس پہنچ سکیں۔ 

اسلام آباد سے آج سعودی ایئر لائن کی پرواز 231 مسافروں کو لے کر روانہ ہو گئی ہے 

مسافروں کی روانگی کے لیے اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے کہ کورونا ایس او پیز، قرنطینہ اور دیگر پابندیوں کے بارے میں مسافروں کو آگاہی دی جا سکے۔ 

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے مسافروں کو رخصت کیا اور انھیں پھول پیش کیے۔ 

سعودی سفیر نے چیک ان کاؤنٹرز پر مسافروں کے مسائل بھی سنے اور ایئر لائن حکام کو مسافروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ 

کئی ماہ پاکستان میں گزارنے کے بعد واپس سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافروں نے براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اپنے بچوں کے لیے روزی کمانے جا رہے ہیں۔ براہ راست پروازوں سے انھیں واپس پہنچنے میں آسانی ہو گئی ہے۔

سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے مسافر براہ راست سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔