واشنگٹن: امریکا میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون وائرس کا پہلا کیس سامنےآگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم امریکا پہنچ گئی ہے، جنوبی افریقا سے لاس اینجلس کا سفر کرنے والے شخص میں اس وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے میڈیکل ایڈاوائزر اور متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے بتایا کہ متاثرہ شخص نے ویکسین لگوا رکھی تھی اور اس میں ہلکی علامات ظاہرہوئیں ہیں۔
ڈاکٹرفاؤچی نے بتایا کہ متاثرہ شخص وطن واپسی پر کئی افراد سے رابطے میں رہا، جنہیں تلاش کے بعد ان کے ٹیسٹ کئے گئے تمام افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ متاثرہ شخص آئسولیشن میں ہے۔
ڈاکٹرفاؤچی کا کہنا تھا کہ سائنسدان وائرس سے لاحق نئے خطرات پر تحقیق کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدربائیڈن نے کہا تھا کہ امریکا میں آج نہیں تو کل اومیکرون کا کیس سامنے آئے گا، اومیکرون وائرس پر تشویش ہے مگرعوام کو گھبرانا نہیں چاہیئے۔
اپنے خطاب میں صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ نئی قسم اومیکرون کامقابلہ کرنےکیلئےویکسین کی نئی خوراکوں کی ضرورت ہوگی وقت پڑنےپر ہم پیداوار اور تقسیم کو تیز کرنےکیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ نیا متغیر کرونا وائرس اب تک متعدد ممالک میں رپورٹ ہوچکا ہے، کئی ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔