کراچی: اختر کالونی میں رشتے دار نے شادی سے انکار پر خاتون پر تیزاب پھینک دیا۔ محمود آباد اختر کالونی کی رہائشی 29 سالہ مریم ثناء پر شادی سے انکار پر اس کے اپنے کزن شہزاد نے تیزاب پھینکا، متاثرہ خاتون کے دو بچے ہیں جب کہ اس کی ایک ماہ قبل طلاق ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم شہزاد مریم ثناء سے شادی کرنا چاہتا تھا، شہزاد والد ین کے ساتھ ثناء کے گھر آیا اور شادی سے انکار پر تیزاب پھینکا، واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کو سول اسپتال کے برنز وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی جانچ کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریم ثناء تیزاب گردی سے 40 فیصد متاثر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ محمود آباد میں متاثرہ خاتون کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جب ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔