بماکو: مالی میں نامعلوم مسلح افراد کی مسافر بس پر حملے میں 31 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی میں دیہاتیوں کو لے کر بازار جانے والی ایک مسافر بس پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔
ملزمان نے پہلے ٹائر پر فائرنگ کرکے بس روکی اور پھر مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
مسلح افراد کی فائرنگ میں 31مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ بس ہفتے میں 2 دن مسافروں کو لیکر مرکزی بازار جاتی ہے جہاں سے دیہاتی پورے ہفتے کی خریداری کرتے تھے۔
گزشتہ روز بھی نامعلوم مسلح افراد نے مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن سے تعلق رکھنے والے ایک قافلے پر حملہ کیا تھا جس میں ایک شہری ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔
تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں داعش کے جنگجو کافی سرگرم ہیں اور اس قسم کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔