سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی تحقیقات میں مزید تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے

 سیالکوٹ:سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے وحشیانہ تشدد سے سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی تحقیقات میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق  پریانتھا پر حملہ کرنیوالے ہجوم کے پاس پیٹرول کی بوتلیں تھیں۔

پولیس کے مطابق اتوار کی چھٹی کے باعث ڈیوٹی مجسٹریٹ سے گرفتار ہوئے 13 مرکزی ملزمان کا ایک دن کا عارضی ریمانڈ لیا اورپیر کے روز ملزمان کو گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس نے انکشاف کیا کہ منیجر پریانتھا کمارا پر حملہ کرنیوالے مشتعل ہجوم کے پاس پیٹرول کی بوتلیں بھی تھیں، انہیں قتل کرنے کے بعد ملزمان نے ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

پولیس کے مطابق اہلکار فیکٹری میں داخل ہوئے تو ہجوم فیکٹری مالک شہباز بھٹی پر تشدد کر رہا تھا، لاش باہر نکالنے کے بعد ملزمان نے فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی اور  ہجوم نے پولیس پارٹی کو بھی پیٹرول پھینک کر آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔