جہلم: تحصیل دینہ میں پکنک پر جانے والی طالبات کی گاڑی بے قابو ہوکر پل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں 2طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر ہی دم توڑ گئیں،25مسافر زخمی ہوگئے۔
دوسرا واقعہ جی ٹی روڈ منگلا بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے یونیورسٹی کی بس الٹ گئی، حادثے میں ایک طالبعلم جا ں بحق اور 9طلبا شدید زخمی ہوگئے۔
ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میں جی روڈ پر لاہور سے مری جانے والی مسافر کوچ پل سے نیچے ریلوے ٹریک پر جاگری، جس کے نتیجے میں دو طالبات سمیت ایک ٹیچر جاں بحق اور 25مسافر زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو دینہ اور جہلم ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر کوچ نجی سکول کے طلبا کا ٹرپ لے کر لاہور سے مری جارہی تھی، جی ٹی روڈ دینہ کے قریب اوور ٹیک کرتے ہوئے ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوکر پل سے نیچے ریلوے ٹریک پر جاگری، حادثے میں 2 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر دم توڑ گئی تھیں۔
دوسرا واقعہ جی ٹی روڈ منگلا بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے یونیورسٹی کی بس الٹ گئی، حادثے میں ایک طالبعلم جا ں بحق اور 9طلبا شدید زخمی ہوگئے، ریسکیو رضاکاروں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کردیا، جہاں دو طلبا کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ریسکیو کے مطابق یونیورسٹی کے طلبا مطالعاتی دورے پر لاہور سے مری جا رہے تھے، کہ ان کی بس اسی مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی جہاں پہلا واقعہ پیش آیا تھا، اور 3افراد جاں بحق ہوئے۔