سلمان خان رئیلیٹی شو بگ باس میں اداکارہ شمیتا شیٹی پر برس پڑے اور انہیں کھری کھری سنادیں۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر نشر ہونے والی قسط میں بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بطور مہمان شرکت کی جنہوں نے گھر والوں کو ٹاسک دیا کہ اپنے مطابق گھر میں موجود سب سے گنہگار فرد کا نام بتائیں۔
ٹاسک پرفارم کرتے ہوئے ٹیلی ویژن اداکارہ رشمی دیسائی نے مراٹھی فلموں کے اداکار اور گھر میں وائلڈ کارڈ کے طور پر انٹری دینے والے ابھیجیت بیچوکلے کا نام لیا اور کہا کہ انہوں نے شمیتا کو پیر کی جوتی کہا تھا جو مجھے اچھا نہیں لگا۔
رشمی کی بات پر شمیتا نے حیرانی سے کہا کہ انہوں نے مجھے پاؤں کی جوتی کہا؟ ساتھ ہی شمیتا شیٹی نے سلمان خان کو کہا کہ ابھیجیت نے مجھے گالی بھی دی تھی، کون ہے یہ آدمی جس پر سلمان نے ان کی تصحیح کی کہ ابھیجیت نے ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔
شمیتا اپنی بات پر قائم رہیں اور کہا کہ یہ آدمی یہاں ہے کیوں؟ اداکارہ کی اس بات نے سلمان کو طیش دلادیا جس پر اداکار نے کہا اگر انہوں نے آپ کو ایسا کچھ کہا تو کیا آپ ہوجائیں گی؟
سلمان خان نے غصے میں بات کا اختتام کیا اور ساتھ ہی کہا لعنت ہے، اس پر تمام گھر والے خاموش بیٹھے تماشائی بنے دیکھتے رہے۔