لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں پیشی پر آئے 10قیدی فرار

لاہور:لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں پیشی پر آئے 10قیدی فرار ہوگئے۔

 قیدی بخشی خانے میں موجود تھے، پولیس اہل کاروں نے قیدیوں کو فرار سے روکنے کی بھرپور کوشش نہیں کی

پولیس حکام کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے 3قیدیوں سمیت 10فرار ہوئے، قیدیوں کو جھگڑتا دیکھ کر پولیس اہل کاروں نے بخشی خانے کا دروازہ کھولا، قیدی بخشی خانے سے کرسیاں اور ٹیوب لائٹس کے راڈز اٹھا کر باہر پھینکتے رہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ کیمپ جیل کے قیدیوں میں حیدر علی، فیصل اور احمد شامل ہیں، کیمپ جیل کے مفرور 5قیدی ڈکیتی کے مقدمات میں شامل تھے۔

 ڈکیتی کے قیدیوں میں جاوید، وسیم، شعبان، پرویز اور احسن شامل ہیں، جبکہ ناجائز اسلحے کے ملزمان ایان، عادل اور سہیل بھی فرار ہوئے ہیں۔

 ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں،ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ دو جیلوں سے 166قیدی لائے گئے جو بخشی خانے میں بند تھے۔

 قیدیوں کے دو گروپوں میں تصادم ہوا، جس کے بعد قیدی فرار ہو گئے، فرار ہونے والے قیدیوں میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا دیگر قیدیوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔