یرس/انقرہ/ریاض : معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ملزم فرانس سے گرفتار ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم خالد الاوطیبی کو فرانس کے چارلس دی گولے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
مذکورہ شخص امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی کو قتل کرنے والے 26 افراد میں سے ایک ہے جن کی گرفتاری کےلیے ترکی کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 33 سالہ شخص سابق سعودی شاہی گارڈ رہ چکا ہے جو عدالتی حراست تھا اور اپنے اصل نام سے سفر کررہا تھا۔
واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی سعودی حکومت باالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کے شدید ناقد تھے جنہیں اکتوبر 2018 میں استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں بےدردی سے قتل کرکے لاش کو تیزاب میں ڈال دیا تھا۔
جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی حکومت نے کہا تھا کہ جاسوسوں کی ایک ٹیم واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی کو ریاست واپس لانے کےلیے گئی تھی تاہم آپریشن کے دوران انہوں نے خاشقجی کو قتل کردیا لیکن ترکش حکام نے کہا تھا کہ جاسوسوں نے صحافی کو سعودی حکومت کے اعلیٰ حکام کے حکم پر قتل کیا تھا۔