پریانتھا کی والدہ بیٹے کی میت سے لپٹ کر روتی رہی، تصاویر وائرل

 کولمبو:سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کی آخری رسومات دارالحکومت کولمبو کے قریب علاقے گانے ملا میں ادا کردی گئیں۔

پریانتھا کمارا کی میت گزشتہ دنوں لاہور سے کولمبو پہنچی تھی جس کے بعد سری لنکن وزارت خارجہ نے ان کی میت کو اہلخانہ کے حوالے کیا۔

پریانتھا کمارا کی آخری رسومات میں رقت آمیز مناظر سامنے آئے اور ان کی والدہ کی بیٹے کی میت کے ساتھ لپٹنے کر رونے کی تصاویر سامنے آگئیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریانتھا کمارا کی والدہ بیٹے کی میت سے لپٹتے ہوئے رو رہی ہیں اور ان کے رشتے دار ان کو دلاسہ دے رہے ہیں۔

تصاویر میں آنجہانی فیکٹری منیجر کے بیٹے بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ تعلیم کے اعتبار سے پریا نتھا کمارا ایک انجینئر تھے اور ان کے دو بچے ہیں جن کی عمریں 14 اور 9 سال ہیں۔

دوسری جانب رقت آمیز مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور پاکستانی صارفین کی جانب سے دکھ اور غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ٹوئٹر پر ایک بار پھر پریانتھا کمارا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔