پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں باپ نے بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا 

پشاور: پشاورکے جوڈیشل کمپلیکس میں باپ نے بیٹے کیساتھ ملکر غیرت کے نام پر پولیس کی تحویل میں بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا موقع پر موجود اہلکاروں نے قاتل باپ اور بھائی کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ فائرنگ سے کمپلیکس میں بھگدڑ مچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

 پولیس کے مطابق چند روز قبل رحمن ولد شاہ محمود سکنہ مہمند حال شیروجھنگی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے خزانہ پولیس کو بتایا تھا کہ تقریباً3سال قبل اس کی شادی مسما ۃحسن خیلہ دختر شاہ ولی کے ساتھ ہوئی تھی۔

 گزشتہ روز وہ نمازعشا کی ادائیگی کیلئے مسجد گیا تھا، واپس آیا تو اہلیہ گھر میں موجود نہیں تھی بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ گھر سے 4تولے طلائی زیورات لے کر اپنے آشنا عصمت علی ولد اسلام سکنہ بنوں کے ساتھ فرار ہوگئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گزشتہ روز بنوں پولیس نے مسما ۃحسن خیلہ اور عصمت علی کو گرفتار کرکے تھانہ خزانہ پولیس کے حوالے کردیا۔

بدھ کے روز پولیس دونوں کو مقامی عدالت میں پیش کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کررہی تھی کہ اس دوران جوڈیشل کمپلیکس میں حسن خیلہ کے والد شاہ ولی اور بھائی نعمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہوگئی۔

 پولیس نے بتایا کہ موقع پر مقتولہ کے والد اور بھائی کو آلہ واردات سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔