کورونا نئی خطرناک قسم پاکستان بھی پہنچ گئی،پہلا کیس کراچی میں رپورٹ

کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم پاکستان پہنچ گئی ہے،اور نئے ویرینٹ کا پہلا کیس کراچی سے رپورٹ ہوا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق  'اومیکرون ویرینٹ' کا کیس کراچی کے نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا، متاثرہ خاتون بیرون ملک سے آئی ہیں اور ان کا کورونا پازیٹو ہے۔

محکمہ صحت کےمطابق اومی کرون سے متاثرہ خاتون ضلع شرقی کی رہائشی ہیں جنہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون کی عمر 65 سال ہے اور انہوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی جب کہ متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اومی کرون کے شبے میں خاتون سمیت 4 افرادکا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور  ان چاروں افراد کو نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، 2 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض کے رزلٹ کا انتظار ہے۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ 2 افراد کو گھر بھیج دیا اور  2 مریض اسپتال میں زیرعلاج ہیں جب کہ ان چار افراد میں سے ایک شخص نے ویکسن کرائی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سرومرو کا کہنا تھا کہ خاتون جس فلائٹ میں آئیں اس کے تمام مسافروں کو بھی ٹیسٹ کیا جائے گا، متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جارہی ہے ، متاثرہ خاتون کی رشتے داروں اور ملنے والوں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔

واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔