کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل شادی کے بندھن میں بندھ گئے

ممبئی: بالی وڈ کی ’بار بی ڈول‘ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل شادی کے بندھن میں بندھ گئے، دولہا اور دلہن نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں جو خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی کرلی ہے، شادی کی تقریب راجستھان کے شہر مادھوپور میں سکس سینسز فورٹ میں ہوئی جہاں دولہا دلہن نے ہندو مذہب کے مطابق ساتھ پھیرے لیے۔

دولہے میاں وکی کوشل اور دلہن کترینہ کیف نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے تصاویر شیئر کر کے شادی کی تصدیق کردی ہے۔

دولہا اور دلہن نے انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ایک جیسا پیغام لکھا کہ ہمارے دلوں میں صرف محبت اور شکرگزاری ہے ہر اس چیز کے لیے جو ہمیں اس لمحے تک لے آئی۔ ہم اس نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں جس میں آپ کی محبتوں اور دعاؤں کے خواہاں ہیں۔

سوشل میڈیا پر کترینہ اور وکی کوشل کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے پر تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ دونوں فنکاروں کی جانب سے شادی کو ہر ممکن حد تک خفیہ رکھا گیا تاہم وقتاً فوقتاً شادی کے مقام سے لے کر دولہا دلہن کی تیاری سے متعلق تمام تفصیلات سامنے آتی رہیں۔  

شادی کی تقریب میں قریبی رشتے داروں، دوستوں اور بالی وڈ کی کچھ شخصیات نے شرکت کی جن کی تفصیل آنا باقی ہے تاہم کترینہ کے سب سے پرانے دوست سلمان خان نے اس شادی میں شرکت نہیں کی۔ سلمان خان کی بہن نے کہا کہ ہمیں کترینہ کی طرف سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، کترینہ نے شادی میں بلایا ہی نہیں تو کیسے جاتے۔

خیال رہے کہ پچھلے کئی ماہ سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں مسلسل گردش کرتی رہیں کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل رواں سال کے آخر تک شادی کرلیں گے تاہم دونوں فنکاروں کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی رہی۔ پچھلے ایک ماہ سے جب بھارتی میڈیا نے دسمبر میں شادی کے دعوے کیے تو دونوں بالی وڈ ستاروں نے خاموشی طاری رکھی۔