کوئٹہ میں لڑکیوں پر تشدد کرنے اور برہنہ ویڈیوز بنانے میں ملوث ملزمان ہدایت خلجی اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ، متعدد موبائلز اور ڈیوائسز قبضے میں لے کر ان میں سے متعدد لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز برآمد کرلیں۔
پولیس کے مطابق ملزم لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر نشہ آور چیزیں دیتا، پھر انکی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا تھا۔ وہ دو لڑکیوں کے اغوا میں بھی ملوث ہے۔ ہدایت خلجی کو بااثر سیاسی شخصیات کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔
تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تیسرے ملزم شانی کو بھی بہت جلد گرفتار کرلیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پولیس نے مرکزی ملزم ہدایت خلجی کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے باقی ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
ڈی آئی جی پولیس فدا حسین نے کہا کہ دو لڑکیاں افغانستان میں ہیں جن کی واپسی کیلئے وفاقی سطح پر رابطہ کیا ہے، اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی موثر طور پرکام کررہی ہے۔