نئی دہلی:بالی وڈ اداکار وِکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کے بعد دہلی پولیس نے عوام کے لیے ایک دلچسپ پیغام جاری کیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز دہلی پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے مصدقہ اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پاسورڈز کو ایسے محفوظ بنائیں اور دوسروں سے خفیہ رکھیں جیسے کترینہ اور وکی نے اپنی شادی مداحوں سے چھپا کررکھی تھی۔
دہلی پولیس کے اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین حیران ہوئے اور کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق کی بات نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 9 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کترینہ اور وِکی کوشل نے شادی کی تصاویر شیئر کرنے سے قبل باضابطہ طور پر شادی کا اعلان نہیں کیا تھا۔
بھارتی میڈیا گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل دعوے کررہا تھا کہ دونوں اداکار شادی کرنے جارہے ہیں جو بالآخر سچ ثابت ہوئے۔