نائیجیریا میں دہشت گردوں کی مسجد پر فائرنگ،16نمازی شہید

ابوجا: افریقی ملک نائیجیریا  میں دہشت گردوں کی مسجد پر فائرنگ سے 16 نمازی شہید ہو گئے جبکہ کئی افراد کو اغوا کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائیجیریا کے شمالی علاقے ماشیگو میں دہشت گردوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران مسجد پر حملہ کر دیا۔ جس میں بیشتر افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نائیجیریا پولیس نے نوافراد کی موت کی تصدیق کی تاہم مقامی افراد نے 16 افراد کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔

مقامی بلدیاتی انتظامیہ کے چیئرمین الحسن عیسیٰ مزاکوکا کے مطابق دہشت گرد انتہائی منظم انداز میں موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور انہوں نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی۔دہشت گرد متعدد نمازیوں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتہا پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کام کر رہی ہے۔ اس کے باوجود علاقے میں اغوا کاروں اور دہشت گردوں کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں صرف دعاؤں کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل 23 نومبر کونائیجیریا کی ریاست زمفرا میں مسجد پر حملہ کر کے 5 نمازیوں کو شہید اور 18 کو اغوا کیا گیا تھا جبکہ اکتوبر میں بھی کابوجی نامی ایک گاؤں کی مسجد پر اسی طرح کا حملہ ہوا تھا اور اس میں بھی 16 افراد شہید ہوئے تھے۔