واشنگٹن:امریکا کی 6 ریاستوں میں 30 سے زیادہ ہوا کے بگولوں نے تباہی مچادی، سب سے زیادہ متاثرہ ریاست کینٹکی میں 200 میل سے زائد کا سفر کرتے بگولے سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق متعدد گاڑیاں عمارتوں کے ملبے تلے دب گئیں، درخت جڑوں سے اْکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے، 50 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔
ریاست کینٹکی اور الی نوائے میں فیکٹریوں کی چھت گرنے سے 50 سے 70 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
کینٹکی کی موم بتی بنانے والی فیکٹری جب ٹورناڈو کی زد میں آئی تو اس وقت اندر 100 کے قریب ملازمین موجود تھے۔ہوا کے بگولوں سے ریاست کینٹکی، الی نوائے، کنسا، میزوری، ٹینیسی اور مسی سپی متاثر ہوئیں۔
کینٹکی کے علاقے میفیلڈ میں عدالت کی عمارت اور متصل جیل کو بھی نقصان پہنچا۔
ریاست کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ریاست ٹینیسی میں بگولوں سے مختلف حادثات میں 3 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ ریاست آرکنساس میں بگولوں سے نرسنگ ہوم کی چھت ٹوٹنے سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری تھا۔