نئی دہلی: ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر میرا ڈونا کی یادگار اشیا میں سے چرائی گئی قیمتی گھڑی بھارتی ریاست آسام سے برآمد ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس نے ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کے گھر سے ارجنٹینا کے آنجہانی فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی قیمتی گھڑی برآمد کرلی۔
یہ گھڑی دبئی میں قائم میرا ڈونا کی یاد گار اشیا کے میوزیم سے چرائی گئی تھی۔ جہاں گھڑی چرانے والا بھارتی شخص 2016 سے سیکیورٹی گارڈ تھا۔ 37 سالہ سیکیورٹی گارڈ کی شناخت واجد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
بھارتی پولیس نے بتایا کہ سوس میڈ ہوبلوٹ سنگل ایڈیشن گھڑی کی قیمت 26 ہزار 500 ڈالر کے لگ بھگ ہے اور اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس پر میرا ڈونا کی تصویر، ان کے دستخط اور ان کی جرسی کا نمبر 10 بھی نقش ہیں۔