وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےعالمی برادری کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں صورتحال انتہائی سنگین، اگربروقت توجہ نہ دی گئی تووہاں بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔
اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ فورم 2021 سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کی انتہائی سنگین صورتحال درپیش ہے، جس کے نتائج کا سامنا نہ صرف افغانستان کے عوام کو ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کے طور پر ہمیں ، خطے اور دنیا کو بھی یقینی طور پر کرنا ہو گا ، ہم افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت کی تشکیل کے حامی ہیں جس میں تمام نسلی اور مذہبی اقلیتوں سمیت خواتین کے حقوق کا احترام ہو، افغان حکومت نے اپنے تمام ہمسایوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، یہی پیغام کابل نے تمام خطے کے باہر کی قوتوں کو بھی دیا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی انسانی بحران پر قابو پانے میں افغان بھائیوں کی مدد کر سکتی ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی ہے اور چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، کورونا کے باوجود برطانیہ کو پاکستان سے برآمدات 28 فیصد بڑھیں، پاکستان میں رواں سال 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔