انڈونیشیا میں 7۔7شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

جکارتہ: انڈونیشیا میں 7.7 کے آنے والے طاقتور زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیامیں 7.7شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا ٹنگارہ کے شمال میں 95کلو میٹر دور تھا۔

 شدید ترین زلزلے کے بعد جزیرے کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ خوف وہراس کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔پیسیفک سونامی وارننگ سنٹرکے مطابق زلزلہ خطرناک سونامی لہروں کا سبب بن سکتا ہے۔

 سوشل میڈیا پر متاثرہ علاقے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علاقے میں افراتفری کا سماں ہیں اور لوگ بدحواسی کے عالم میں دیوانہ وار بھاگتے چلے جارہے ہیں۔

بحر الکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ جہاں ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے انڈونیشیا کو اکثر زلزلوں اور آتش فشاں کے پھٹنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

2018ء  میں اسی جزیرے پر 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں سونامی کے نتیجے میں 4300 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتہ ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ چھبیس دسمبر 2004 کو سماترا کے ساحل پر 9.1 شدت کے زلزلے نے ایک تباہ کن سونامی کو جنم دیا تھا جس سے پورے خطے میں 220000 ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں 170000 اموات صرف انڈونیشیا میں ہوئی تھیں۔