بھارتی ہیلی کاپٹر حادثہ میں زخمی واحد افسر بھی دم توڑ گئے

بنگلورو: بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 افسران میں سے تنہا بچ جانے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

انڈین ایئرفورس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانی والی ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 دسمبر کو ہیلی کاپٹر حادثے میں زندہ بچ جانے والے آفیسر گروپ کیپٹن ورون سنگھ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

حادثے والے دن  ورون سنگھ کو شدید زخمی حالت میں بنگلور کے فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں اُن کی تشویشناک حالت میں بہتری نہیں آرہی تھی۔ ان کا جسم بری طرح جل گیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔

یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں ملٹری کالج کے نزدیک جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور اُن کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ہلاک ہونے والے تمام افسران اور عملہ اہم ذمہ داریوں پر فائز تھے اور جنرل پبن راوت کے انتہائی وفادار اور قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔