نورا فتیحی کا فراڈ کیس کے قیدی سے قیمتی تحائف لینے کا اعتراف

بالی وڈ اداکارہ نورا فتیحی نے فراڈ اور  بھتہ خوری کے کیس میں ملوث ملزم سُکیش چندر شیکھر سے قیمتی تحائف لینے کا اعتراف کر لیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انڈیا کی جانب سے سُکیش چندر شیکھر کے خلاف جاری کی گئی چارج شیٹ میں نورا فتیحی کا نام بھی شامل ہے، چارج شیٹ میں بتایا گیا  کہ نورا فتیحی نے سُکیش کی ایک تقریب میں شرکت کے عوض مہنگی گاڑی وصول کی تھی۔

اب نورا فتیحی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پوچھ گچھ میں اعتراف کیا ہے کہ انھیں سُکیش چندر شیکھر نے ایک بی ایم ڈبلیو سیڈان تحفے میں دی جبکہ سکیش چندر کی اہلیہ نے بھی اپنے شوہر کی طرف سے ایک گوچی بیگ اور  آئی فون تحفے میں دیا۔

اس سے قبل جیکولین فرنینڈس بھی اعتراف کرچکی ہیں کہ انھیں سُکیش نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا قرض، 52 لاکھ بھارتی روپے کا گھوڑا اور 9 لاکھ بھارتی روپے کی بلی تحفے میں دی تھی۔

 

خیال رہےکہ جیکولین فرنینڈس 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائدکے فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث گرفتار ملزم سکیش چندر شیکھرکےکیس میں زیر تفتیش ہیں.

 رواں سال اگست میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں اداکارہ سے 5 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کر کے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔