راکھی ساونت اپنے شوہر سے ناخوش

ممبئی: بالی ووڈ کی آئٹم گرل راکھی ساونت اپنی شادی اور شوہر سے اتنی زیادہ ناخوش ہیں کہ انہوں نے کہہ دیا ہے ایسے شوہر سے اچھا ہے اکیلی رہ لوں۔

بھارتی ٹی وی کے مقبول رئیلیٹی شو بگ باس 15 میں اس بار راکھی ساونت کے ہمراہ ان کے شوہر رتیش نے بھی انٹری دی ہے اور اس شو کے ذریعے پہلی بار رتیش میڈیا اور دنیا کے سامنے آئے ہیں۔

بگ باس سے قبل کوئی بھی نہیں جانتا تھاکہ راکھی ساونت کے شوہر کون ہیں کیا کرتے ہیں اور کیسے نظر آتے ہیں۔

راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے حوالے سے لوگوں کو تجسس میں ڈالا ہوا تھا یہاں تک کہ لوگوں کو راکھی شادی پر بھی شک تھا کہ ہوئی بھی ہے یا نہیں۔

لیکن اب جب راکھی ساونت کے شوہر دنیا کے سامنے آگئے ہیں تو ایسا لگتا ہے دونوں ایک دوسرے سے خوش نہیں ہیں اور دونوں کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں۔

حال ہی میں بگ باس 15 کا نیا پرومو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا جس میں راکھی ساونت اور ان کے شوہر ایک دوسرے سے بیزار نظر آرہے ہیں یہاں تک کہ رتیش راکھی کے پاس بیٹھنا اور ان سے بات کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔

پرومو میں راکھی اپنے شوہر سے کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں ’’میں تم سے محبت کرتی ہوں لیکن تم مجھے ہمیشہ نظر انداز کرتے ہو تم  مجھ سے کب تک دور رہوگے؟

راکھی کے اس سوال پر ان کے شوہر کہتے ہیں تم مجھے ’سر کادرد‘ مت دو، میرا ہاتھ چھوڑو، تمہارے پاس بیٹھنا بیکار ہے یہ کہہ کر رتیش وہاں سے چلے جاتے ہیں۔‘‘

اس کے بعد راکھی بگ باس کی ایک اور کھلاڑی تیجسونی سے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں رتیش کو ساری دوسری لڑکیاں اچھی لگتی ہیں میرے ساتھ تو بات ہی نہیں کرتا، دنیا کا پہلا شوہر ہے جو بیوی کے برابر میں ہی نہیں بیٹھتا۔

راکھی نے مزید کہا اس نے کبھی میرے ساتھ اپنا پن دکھایا ہی نہیں ہے، کیا گھر بسائے گا میرے ساتھ، مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، رتیش کا رویہ مجھے بہت متاثر کررہا ہے۔ ایسا شوہر ہونے سے اچھا ہے نا ہو۔

اس کے بعد راکھی ساونت نہایت دکھ بھرے لہجے میں کہتی ہیں انسان اکیلے ہی جی لے اور رونا شروع کردیتی ہیں۔