ایشون نے پسندیدہ پاکستانی کرکٹرز کے نام بتادیئے

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندر ایشون نے اپنے پسندیدہ پاکستانی کرکٹرز کے نام بتادیے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندر ایشون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر سے متعلق بتارہے ہیں۔

ایشون نے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شاندار ٹیلنٹ کا اعتراف کیا اور بتایا کہ ان کے پسندیدہ کرکٹرز میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

بھارتی اسپنر نے کہا کہ محمد رضوان کے علاوہ مجھے بابر اعظم پسند ہیں ان کی بیٹنگ کی صلاحیتیں کمال کی ہیں۔

بابر اعظم کے بعد ایشون نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نام لیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں ہمیشہ اچھے کھلاڑی موجود رہے ہیں اور موجودہ پاکستانی ٹیم میں بھی باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔

روی چندر ایشون نے اعتراف کیا کہ میں کافی عرصے سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو فالو کررہا ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور اپنی ہر نئی اننگ میں بہترین فارم میں ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد رضوان ویسٹ انڈیز کے خلاف مین آف دی سیریز قرار پائے تھے، انہوں نے کلینڈر ایئر میں 2 ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔