جرمنی میں تیز رفتار ٹرک امریکی قافلے سے ٹکرا گیا، 8 اہلکار زخمی

برلن:جرمنی میں ایک تیز رفتار ٹرک امریکی قافلے سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 3 امریکی گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور 8 سے زائد زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صوبے باویریا کی سپر ہائی وے پر ایک تیز رفتار ٹرک امریکی فوجی قافلے میں گھس گیا۔ٹرک کے ٹکرانے سے امریکی فوج کی 3 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی قافلے سے ٹرک ٹکرانے کا واقعہ محض ایک حادثہ ہے اس میں دہشت گردی کا عنصر شامل نہیں۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم اب حالات کنٹرول میں ہیں۔

 دوسری جانب امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹرک حادثے میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا البتہ فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔