واشنگٹن:امریکی سینیٹ نے پہلی مرتبہ ایک مسلمان کو سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی مقرر کرنے کی توثیق کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی سینیٹ نے گذشتہ جمعرات کو 42 برس کے راشد حسین کی تقرری کی بھاری اکثریت سے توثیق کی تھی۔امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی(یو ایس سی آئی آر ایف) نے راشد حسین کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔
اس سے قبل راشد حسین اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے لیے اوبامہ انتظامیہ کے نمائندہ خصوصی کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی سربراہ ندین مائنزہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’برسوں کے علم اور تجربے کی وجہ سے سفیر راشد حسین امریکی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے موزوں ہیں۔
راشد حسین حافظ قرآن ہیں۔ وہ پہلے مسلمان ہیں جن کو سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی مقرر کیا گیا۔
عربی اور اردو بولنے راشد حسین نے امریکہ میں یہود مخالف جذبات (اینٹی سیمیٹزم) کے خلاف اور مسلمان اکثریتی ملکوں میں اقلیتوں کا دفاع کیا ہے۔
اکتوبر میں راشد حسین نے کہا تھا کہ ’انہوں نے بطور امریکی مسلمان اقلیتوں کے خلاف تعصب کے اثرات دیکھے ہیں اور نوجوانوں کے لیے اس سے پیدا ہونے والے خطرات کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔امریکہ کی مسلم پبلک افیئرز کونسل نے بھی ان کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔
مسلم پبلک افیئرز کونسل کے صدر سلام الامریاتی نے کہا ہے کہ ’راشد نے خلوص اور ذہانت کے ساتھ ہماری کمیونٹی اور ملک کی خدمت کی ہے۔ سب سے بڑھ کر انہوں نے تمام پس منظر کے امریکیوں کے لیے ایک رہنما اور رول ماڈل کے طور پر کام کیا ہے۔ ان کے ساتھ عوامی خدمت اور ملک کی خدمت کی اہمیت پر بات چیت کی۔
سول سوسائٹی اور اس پوسٹ پر کام کرنے والے سابق عہدیداروں نے بھی راشد حسین کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔